

اسلام آباد (15) جون (2026) : کیپیٹل یونی ورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اسلام آباد کے شعبہ انگریزی (بی ایس ) کے طلبا نے اپنے اساتذہ محترمہ فائزہ اشرف اور محترم سکندر سیماب کی سربراہی میں اکادمی ادبیات پاکستان کا مطالعاتی دورہ کیا۔اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے محترمہ ارم فاطمہ نے طلبا کے وفد کو خوش آمدید کہا اور انھیں اکادمی کے اغراض و مقاصد، صدر نشین اکادمی پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف کی زیر سر پرستی پاکستانی ادب کے فروغ اور ادبیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اکادمی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے اکادمی کی مطبوعات اور دیگر ممالک کے ساتھ ادبی روابط اور خاص کر نسل نو کو ادب کی طرف راغب کرنے کے حوالے سے اکادمی کے منصوبوں کا ذکر کیا۔ طلبہ نے اکادمی کے مختلف شعبوں احمد فراز لائبریری، ایوان اعزاز ، پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر، فیض احمد فیض آڈیٹوریم اور اکادمی کی بک شاپ کا دورہ کیا اور ان میں گہری دل چسپی ظاہر کی۔ دورے کے دوران میں انھیں اکادمی میں ہونے والی رسمی اور غیر رسمی ادبی تقریبات سے بھی آگاہ کیا گیا جس سے طلبا نے اکادمی کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ وہ آینده اکادمی ادبیات پاکستان کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔



