

اسلام آباد، 11 جون 2026: ویت نام کے سفیر، عزت مآب مسٹر پھام آں توآن (H.E. Mr. Pham Anh Tuan)، سفارت خانے کے سیکنڈ سیکریٹری جناب پھام ہونگ کوانگ (Mr. Pham Hong Quang) اور جناب ٹام ہاں نوک ڈک (Mr. Tam Hanh Ngoc Duc) کے ہمراہ اکادمی ادبیاتِ پاکستان تشریف لائے، جہاں صدر نشین اکادمی ادبیاتِ پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقعے پر نائب ناظم (تحقیق و ترجمہ) جناب اختر رضا سلیمی اور نائب ناظم (اکیڈیمکس) ڈاکٹر بی بی امینہ بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے آغاز میں پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے سفارت خانے کے نئے سیکنڈ سیکریٹری جناب ٹام ہاں نوک ڈک کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں اکادمی ادبیاتِ پاکستان اور ویت نام رائٹرز ایسوسی ایشن (Vietnam Writers’ Association) کے مابین پہلے سے طے شدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تناظر میں ادبی و ثقافتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ خصوصی طور پر عظیم ویت نامی رہنما ہو چی من کی معروف تصنیف ’’پرزن ڈائری‘‘ (Prison Diary) کے اردو ترجمے کی اشاعت سے متعلق امور زیرِ بحث آئے، جو مذکورہ مفاہمتی یادداشت کے تحت اکادمی ادبیاتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام شائع کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کتاب کی متوقع تقریبِ رونمائی کے انتظامی اور دیگر متعلقہ امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران عزت مآب سفیر نے خیرسگالی اور پاکستان۔ویت نام دوستی کی علامت کے طور پر اکادمی ادبیاتِ پاکستان کو ایک یادگاری تحفہ پیش کیا، جبکہ صدر نشین اکادمی پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے انھیں اکادمی کی مطبوعات پر مشتمل کتب کا ایک سیٹ پیش کیا۔ مجموعی طور پر یہ ملاقات نہایت خوش گوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی، جس نے پاکستان اور ویت نام کے درمیان ادبی و ثقافتی تعلقات کے مزید فروغ اور باہمی تعاون کے استحکام کی راہ ہموار کی۔









